بیلجیئم کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے 25 سالہ نجم لاکروئی کو منگل کو برسلز میں ہوئے دہشت گرد حملوں میں ملوث ہونے کے شبہے میں حراست میں لے لیا ہے۔
منگل کو ہونے والے بم دھماکوں میں کم از کم 34 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور ان کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔
اطلاعات کے مطابق لاکروئی کو برسلز کے علاقے آندرلخٹ سے گرفتار کیا گیا۔ وہ برسلز حملوں سے پہلے ہی پولیس کو مطلوب تھا۔
بیلجیئم کے ذرائع ابلاغ کے مطابق برسلز کے ہوائی اڈے پر حملہ کرنے والے دو خوکش حملہ آور بھائی تھے اور اُن کا نام خالد البکروئی اور براہیم البکروئی بتایا گیا ہے۔
’آر ٹی بی ایف‘ کے مطابق ان افراد کی مجرمانہ سرگرمیوں
کے بارے میں پولیس کے پاس معلومات تھیں لیکن دہشت گردی میں اُن کے ملوث ہونے کے بارے میں کوئی ریکارڈ نہیں تھا۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے پولیس نے برسلز میں جس اپارٹمنٹ پر چھاپہ مارا تھا، اُسے خالد البکروئی نے جعلی نام پر کرائے پر حاصل کیا تھا۔
بدھ کو علی الصبح حکام نے سی سی ٹی وی وڈیو سے حاصل ہونے والی ایک تصویر جاری کی جس میں ایک شخص کو سامان کی ٹرالی کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ اس نے سر پر کالا ہیٹ پہنا ہے جب کہ ایک ہلکے رنگ کی جیکٹ بھی پہنی ہوئی ہے۔ اس شخص کے ساتھ دو دیگر افراد بھی ہیں جن کے بارے میں باور کیا جاتا ہے کہ وہ دونوں خودکش بمبار تھے۔
تاہم حکام نے میڈیا میں آنے والے مشتبہ افراد کے ناموں کی تصدیق نہیں کی ہے۔